میرے ناقص علم کے مطابق محض مچھلی اور ٹڈی کو یہ فضیلت حاصل ہے کہ یہ مردار بھی حلال ہوتی ہیں،
ٹڈی دل کا ورود جس علاقہ میں ہوتا ہے وہاں کے لوگ ڈر جاتے ہیں بالخصوص دیہی علاقوں کے لیے زیادہ نقصان دہ اور خطرناک ثابت ہوتی ہیں کیوں کہ ٹڈیاں ایک بڑی تعداد میں ہوتی ہیں اور ہریالی کی دشمن ہوتی ہیں،
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹڈیوں کو کھانا چاہیے یہ پروٹین سے بھری ہوتی ہیں،
ہمارے گاؤں اور مضافات میں بھی ٹڈی دل کا ورود ہوا۔مذکورہ بالا فوائد کی بنا پر ہم نے بھی اس کا شکار کیا،
ٹڈیوں کو دن میں پکڑنا بڑا مشکل ہوتا ہے کیوں کہ یہ کافی اونچائی پر اڑتی ہیں۔ٹڈیوں کے فروخت کرنے والے تاجروں کا کہنا ہے کہ ہم انھیں رات کے وقت پکڑتے ہیں کیوں کہ رات میں ٹڈیاں پیڑ پودوں سے چپک کر بیٹھ جاتی ہیں پھر انھیں پکڑنے میں آسانی ہوتی ہے۔
ٹڈیوں کے پکانے کے دو طریقے "ویکیپیڈیا" میں رقم ہیں: "ایک طریقہ یہ ہے کہ ٹڈیوں کو پانی میں ابالنے کے بعد تیل میں فرائی کیا جاتا ہے اور پھر اپنی پسند کے مصالحے ڈال کر کھایا جاتا ہے۔دوسرا طریقہ یہ ہے کہ انھیں چاولوں کے ساتھ پکا کر کھایا جاتا ہے۔"
ٹڈیوں کو پکڑنے کے بعد ہم نے اس کے سر کو الگ کیا۔سر الگ کرنے سے پیٹ کی ساری گندگی نکل آتی ہے پھر پیر و پر توڑ کر تیل میں فرائی کرکے تناول کیا،
عرض مدعا یہی ہے کہ ٹڈیاں لذیذ اور مفید ہوتی ہیں اور کھانا حلال بھی ہے۔اگر کہیں مل جائیں تو خود بھی کھائیے گھر والوں کو بھی کھلائیے اور دوست و احباب کو دعوت پر بھی بلائیے۔





